اسحاق ڈار کی شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت، چینی صدر سے ملاقات

11:23 AM, 15 Jul, 2025

بیجنگ: نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

اجلاس کے دوران رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی۔ چینی صدر نے تمام وفود کو خوش آمدید کہا اور تنظیم کے تحت علاقائی تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او خطے کے استحکام، ترقی اور باہمی تعاون کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔

اس اجلاس میں اسحاق ڈار پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ بیجنگ ایئرپورٹ پہنچنے پر ان کا استقبال چینی وزارت خارجہ کی نمائندہ مس یو ہونگ، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل الرحمٰن ہاشمی اور دیگر اعلیٰ چینی حکام نے کیا۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم 2001 میں قائم ہوئی تھی، جس کے رکن ممالک میں چین، روس، پاکستان، بھارت، ایران، قازقستان، کرغزستان، ازبکستان، تاجکستان اور بیلاروس شامل ہیں۔ یہ تنظیم سیکیورٹی، انسدادِ دہشت گردی، معاشی ترقی اور علاقائی استحکام کے لیے کام کر رہی ہے۔

اسحاق ڈار اجلاس کے دوران مختلف علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے دیگر رکن ممالک سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

مزیدخبریں