سئیول : جنوبی کوریا کی نوجوان اور باصلاحیت اداکارہ کانگ سیوہا 31 برس کی عمر میں زندگی کی بازی ہار گئیں۔ وہ کچھ عرصے سے معدے کے کینسر میں مبتلا تھیں اور اسی بیماری کے باعث ان کا انتقال ہوا۔
اداکارہ کے انتقال کی خبر ان کے قریبی عزیز نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام کے ذریعے دی، جس میں کانگ سیوہا کی زندگی کی جدوجہد، ان کی قربانیاں اور بیماری کے دوران ان کے حوصلے کا ذکر کیا گیا۔
کانگ سیوہا کی آخری رسومات 16 جولائی کو ان کے آبائی علاقے ہامان (گیئونگنام صوبہ) میں ادا کی جائیں گی، جہاں انہیں خاندانی قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
ان کے انتقال پر مداحوں اور شوبز حلقوں میں گہرا غم پایا جاتا ہے۔ کانگ سیوہا نے 2012 میں اپنے فنی سفر کا آغاز ایک میوزک ویڈیو "Getting Farther Away" سے کیا تھا، جس کے بعد وہ کئی مقبول ڈراموں میں نظر آئیں، جن میں "Heart" اور "First Love Again" شامل ہیں۔
ان کی آخری فلم "Manganine" ان کی وفات سے پہلے مکمل کر لی گئی تھی، جو ان کے چاہنے والوں کے لیے ایک یادگار فلم بن کر رہ جائے گی۔
اداکارہ کانگ سیوہا اپنی خوبصورتی، نرم مزاجی اور شاندار اداکاری کی وجہ سے ہمیشہ دلوں میں زندہ رہیں گی۔