غزہ میں اسرائیلی ظلم جاری، 24 گھنٹوں میں مزید 95 فلسطینی شہید

02:00 PM, 15 Jul, 2025

غزہ : غزہ ایک بار پھر خون میں نہا گیا۔ اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں میں صرف 24 گھنٹوں کے دوران 95 معصوم فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جب کہ درجنوں افراد زخمی حالت میں اسپتالوں میں زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق صیہونی فوج نے مصروف مارکیٹ اور پانی تقسیم کرنے والے مرکز کو نشانہ بنایا۔ غزہ سٹی کی ایک مارکیٹ پر حملے میں 17 افراد شہید ہوئے، جبکہ نصیرات کیمپ میں پانی کے مرکز پر بمباری سے 10 جانیں چلی گئیں۔ خان یونس کے علاقے میں بھی شدید گولہ باری کی گئی۔

گزشتہ کئی ماہ سے جاری اس بربریت میں غزہ کے شہدا کی تعداد 58 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جب کہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 38 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔

غزہ کی صورتحال اب مکمل طور پر انسانی المیہ بن چکی ہے۔ ایندھن کی قلت کے باعث اقوام متحدہ کی 8 ایجنسیاں اپنا کام بند کر چکی ہیں۔ اسپتالوں میں دوا نہیں، بچے بھوک سے دم توڑ رہے ہیں، اور صاف پانی تک میسر نہیں۔

21 لاکھ سے زائد افراد خوراک، پانی، دوا اور پناہ سے محروم ہیں۔ اسرائیلی محاصرے اور مسلسل حملوں نے پورے غزہ کو قحط اور تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔

مزیدخبریں