محسن نقوی کی ایرانی صدر سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور جنگ پر گفتگو

10:56 AM, 15 Jul, 2025

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے تعلقات اور دوطرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی۔

محسن نقوی نے ایرانی صدر کو اسرائیل کے خلاف جنگ میں ایرانی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت نے جنگ میں فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے، جو پورے مسلم دنیا کے لیے فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ایران کے دفاع میں ہر فورم پر آواز اٹھائی اور ایرانی عوام کے حق دفاع کی حمایت کی۔

محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف کا نیک خواہشات کا پیغام بھی ایرانی صدر تک پہنچایا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور جنگ کے دوران پاکستان کی حمایت کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی حکومت مسلمانوں کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اس لیے اسلامی ممالک کو ایک جٹ ہو کر اسرائیل کے خلاف کھڑا ہونا ہوگا۔

ایرانی صدر نے پاک ایران تعلقات کے بارے میں اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے سفارتی تبادلوں اور مذاکرات کی ضرورت ہے۔

اس ملاقات میں ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی، ایرانی صدر کے معاون خصوصی، ایران میں پاکستان کے سفیر اور پاکستان میں ایران کے سفیر بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں