سینیٹ کا اجلاس آج 4 بجے ہوگا، اہم موضوعات پر بحث متوقع

09:53 AM, 15 Jul, 2025

اسلام آباد : آج سینیٹ کا اجلاس سہ پہر 4 بجے ہوگا، جس میں مختلف اہم موضوعات پر بات چیت کی جائے گی۔ ایجنڈے میں 12 نکات شامل ہیں جن میں چند اہم بلز کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ و انسداد منشیات سینیٹر فیصل سلیم رحمان، حوالگی ترمیمی بل 2025 اور شہریت ترمیمی بل کی رپورٹ پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ، کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (ترمیمی) آرڈیننس 2025 پر بھی بات کی جائے گی۔

پاکستان پینل کوڈ 1860 اور فوجداری ضابطہ کار 1898 میں ترمیم کے حوالے سے فوجداری قوانین (ترمیمی) بل کی رپورٹ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد میں پانی کی کمی کے مسئلے پر ایک رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔

سینیٹر بشریٰ انجم بٹ فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی بل 2025 پر بھی کمیٹی کی رپورٹ پیش کریں گی۔ اجلاس میں صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر بھی بحث ہوگی۔

مزید برآں، سینیٹر عبدالشکور خان بلوچستان میں پولیو کے کیسز میں اضافے اور سینیٹر محسن عزیز فیکٹریوں کی بندش سے ہونے والی بے روزگاری پر توجہ دلاؤ نوٹس پیش کریں گے۔

مزیدخبریں