کیلیفورنیا: گوگل نے اپنے جیمنائی اے آئی ماڈل میں ایک اہم اور بڑی اپ ڈیٹ پیش کی ہے، جسے پرسنل انٹیلی جنس کا نام دیا گیا ہے۔ اس اپ ڈیٹ کو اے آئی کی دنیا میں ایک بڑی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی ذرائع کے مطابق، اس نئے فیچر کے تحت جیمنائی گوگل کی مختلف ایپس جیسے گوگل سرچ، جی میل، گوگل فوٹوز، اور یوٹیوب تک صارف کا ذاتی ڈیٹا پہنچنے اور اس کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت حاصل کرے گا، جس سے وہ صارفین کے سوالات کا زیادہ مفصل اور ذاتی نوعیت کا جواب دے سکے گا۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ فیچر جیمنائی کو ایک مکمل اے آئی پرسنل اسسٹنٹ میں تبدیل کرنے کی راہ ہموار کرے گا۔
مثال کے طور پر، اگر کسی صارف کو گاڑی کے کسی مسئلے کا سامنا ہو اور وہ سوال کرے، تو جیمنائی گوگل ایپس میں موجود معلومات کے ذریعے یہ جان سکے گا کہ صارف کس گاڑی کا مالک ہے، گوگل فوٹوز کے ذریعے گاڑی کی حالت کا اندازہ لگا سکے گا، اور یوٹیوب کی مدد سے مسئلے کا حل تجویز کرے گا۔
گوگل نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ پرسنل انٹیلی جنس فیچر فی الحال صرف امریکہ میں متعارف کرایا جائے گا، اور یہ گوگل اے آئی پرو اور گوگل اے آئی الٹرا سبسکرپشن پلانز کے صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔
کمپنی نے یہ بھی بتایا کہ آئندہ مہینوں میں اس فیچر کو دیگر ممالک اور مفت صارفین کے لیے بھی متعارف کرایا جائے گا، اور اسے گوگل سرچ کے اے آئی موڈ کا حصہ بنانے کا بھی ارادہ ہے۔