کولمبو: ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے یکطرفہ مقابلے کے بعد 61 رنز سے ہرا دیا۔ کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں پاکستانی بیٹنگ لائن بھارتی بولنگ اٹیک کے سامنے مکمل طور پر بے بس نظر آئی اور جیت کا خواب چکنا چور ہو گیا۔
میچ کا آغاز ہی تناؤ زدہ ماحول میں ہوا جب ٹاس کے موقع پر دونوں کپتانوں، سلمان علی آغا اور سوریا کمار یادیو نے مصافحہ کرنے سے گریز کیا، جس نے میدان میں موجود تماشائیوں اور میڈیا کو حیران کر دیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ دی، لیکن یہ فیصلہ سود مند ثابت نہ ہو سکا۔
بھارت نے 175 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا۔ ایشان کشن نے 77 رنز کی طوفانی اننگز کھیل کر پاکستانی بولرز کی لائن اور لینتھ بگاڑ دی۔ سوریا کمار یادیو (32) اور شیوم دوبے (27) نے مجموعے کو مستحکم کیا۔
پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے بولنگ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور 3 اہم وکٹیں حاصل کیں، تاہم دیگر بولرز ان کا بھرپور ساتھ نہ دے سکے۔176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہ تھا۔ بابر اعظم (5)، صاحبزادہ فرحان (0) اور کپتان سلمان آغا (4) پے در پے پویلین لوٹ گئے۔تنہا لڑنے والے محمد عثمان: مڈل آرڈر میں محمد عثمان نے 44 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی، لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ نہ رک سکا اور پوری ٹیم 18ویں اوور میں 114 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان نے وننگ کمبی نیشن برقرار رکھنے کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی، جبکہ بھارت نے کلدیپ یادیو اور ابھیشیک شرما کو شامل کر کے اپنی پوزیشن مضبوط کی۔ پاکستان کی اس شکست نے ٹورنامنٹ میں اس کے اگلے مرحلے تک رسائی کے امکانات پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
پاکستان کا بیٹنگ آرڈر ریت کی دیوار؛ بھارت نے 61 رنز کی جیت کے ساتھ ورلڈ کپ میں دھاک بٹھا دی
09:57 PM, 15 Feb, 2026