کولمبو: آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لیے 176 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دے دیا ہے۔ بھارتی بلے بازوں نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز اسکور کیے۔
بھارت کی جانب سے اننگز کا آغاز دھماکے دار رہا۔ اگرچہ اوپنر ابھیشیک شرما پہلے ہی اوور میں صفر پر شاہین آفریدی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے، لیکن اس کے بعد ایشان کشن نے پاکستانی باؤلرز کی ایک نہ چلنے دی۔ انہوں نے محض 40 گیندوں پر 77 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، جس میں 10 دلکش چوکے اور 3 بلند و بالا چھکے شامل تھے۔ تلک ورما (25 رنز) کے ساتھ ان کی 87 رنز کی رفاقت نے بھارت کو بڑے مجموعے کی راہ دکھائی۔
پاکستان کی جانب سے نوجوان صائم ایوب نے شاندار کم بیک کیا۔ انہوں نے ایک ہی اوور میں لگاتار دو گیندوں پر تلک ورما اور پھر سٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا (0) کو آؤٹ کر کے بھارتی مڈل آرڈر کو ہلا کر رکھ دیا۔ صائم ایوب مجموعی طور پر 3 وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔
کپتان سوریا کمار یادیو نے 32 اور شیوم ڈوبے نے 18 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور کو 175 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کی جانب سے بالنگ کے شعبے میں درج ذیل کارکردگی رہی۔
صائم ایوب: 3 وکٹیں، سلمان علی آغا، شاہین آفریدی اور عثمان طارق: 1، 1 وکٹ حاصل کرپائے۔پاکستان کو اب ورلڈ کپ کے اس اہم ترین میچ میں فتح حاصل کرنے کے لیے 176 رنز درکار ہیں۔ ماہرین کے مطابق پچ پر یہ ایک مشکل ہدف ثابت ہو سکتا ہے جس کے لیے پاکستانی بلے بازوں کو غیر معمولی کارکردگی دکھانی ہوگی۔
بڑا ٹکراؤ: بھارت کا پاکستان کو 176 رنز کا ہدف
08:19 PM, 15 Feb, 2026