کراچی میں ترقی کا نیا ریکارڈ: 100 دن میں فلائی اوور مکمل، مراد علی شاہ کا مخالفین کو جواب

05:56 PM, 15 Feb, 2026

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میئر کراچی کو دیا گیا 100 دن کا چیلنج پورا ہونے پر خالد بن ولید فلائی اوور کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سیاسی مخالفین کو سخت پیغام دیا کہ سندھ کے عوام کو ورغلانے کی کوشش کرنے والے ہمیشہ ناکام رہیں گے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ بھینس کالونی ریلوے پھاٹک پر فلائی اوور کی تعمیر کے لیے انتظامیہ کو 100 دن کا ہدف دیا گیا تھا، جس کی بروقت تکمیل پر میئر کراچی اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
 انہوں نے کہا کہ ریلوے کراسنگ پر پل نہ ہونے کی وجہ سے یہاں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہو رہا تھا، جسے اب مستقل طور پر روک دیا گیا ہے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ وہ دھرتی ہے جس نے پاکستان بنایا، یہاں کے عوام متحد ہیں اور کسی کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔
 صوبائی کابینہ نے بلدیہ کے لیے 13 ارب روپے کے مزید دو بڑے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے، جبکہ عظیم پورہ پل کو بھی اگلے 100 دن میں مکمل کرنے کا عہد کیا گیا ہے۔
 ملیر اور اطراف کے شہریوں کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو کو آئندہ 4 سے 6 ہفتوں میں قیوم آباد تک مکمل کر لیا جائے گا۔مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ ان کی حکومت "تشہیر کم اور کام زیادہ" کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ کراچی کے عوام کو اب شہر کے ہر کونے میں ترقیاتی کام اپنی آنکھوں سے نظر آئیں گے۔

مزیدخبریں