سڈنی فائرنگ پر جھوٹے پروپیگنڈے کے بعد نوید اکرم کا ردعمل

11:44 AM, 15 Dec, 2025

سڈنی: سڈنی کے مشہور ساحلی علاقے بونڈی میں ہونے والی فائرنگ کے بعد گرفتار ملزم کے حوالے سے پھیلائے جانے والے جھوٹے پروپیگنڈے کی وجہ سے پاکستانی نوجوان نوید اکرم منظر عام پر آ گئے ہیں۔ نوید اکرم، جو سڈنی میں مقیم ہیں اور لاہور سے تعلق رکھتے ہیں، کو بھارتی، افغان اور اسرائیلی میڈیا اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے بونڈی حملے میں گرفتار دہشت گرد سے جوڑ دیا تھا۔

کچھ بھارتی نیوز چینلز اور سوشل میڈیا صارفین نے گرفتار ملزم کی تصاویر کی جگہ نوید اکرم کی تصاویر نشر کر دیں، جس پر نوید اکرم نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ انہوں نے بونڈی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اس واقعے سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔

نوید اکرم نے کہا کہ بغیر تصدیق کے ان کی تصاویر چلانے سے ان کی جان کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ انہوں نے میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور جھوٹی معلومات کسی بھی شخص کی زندگی کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بونڈی حملے میں گرفتار ملزم کا نام نوید اکرم سامنے آنے کے بعد ان کی تصاویر غلط طریقے سے سوشل میڈیا پر پھیلائی جا رہی ہیں، جسے وہ مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

نوید اکرم نے تمام میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی خبر یا تصویر کو نشر کرنے سے پہلے اس کی مکمل تصدیق کریں تاکہ بے گناہ افراد کو نقصان نہ پہنچے۔

مزیدخبریں