پاکستانی قیادت کا سڈنی حملے پر اظہار افسوس، دہشت گردی کی شدید مذمت

09:54 AM, 15 Dec, 2025

اسلام آباد: پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سڈنی کے بونڈائی بیچ پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور اس مشکل وقت میں آسٹریلیا کے عوام و حکومت کے ساتھ یکجہتی کی بات کی۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے اثرات کو بخوبی سمجھتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف اپنے موقف پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں کے خلاف اس نوعیت کے تشدد کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں اور اس سانحے میں متاثرہ افراد کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، اور اس مشکل گھڑی میں آسٹریلیا کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعظم نے آسٹریلوی وزیراعظم کو بھی اظہار یکجہتی کا پیغام بھیجا۔

وزیر داخلہ و پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی انسانیت کے خلاف ایک ناقابل معافی جرم ہے اور پاکستان اس خطرے کا روزانہ سامنا کرتا ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مزید تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین کو فون کر کے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ہر پاکستانی آسٹریلیا کے ساتھ ہے۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین نے سڈنی حملے کو ایک سیاہ دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں اپنی جان پر کھیل کر لوگوں کی زندگیاں بچانے والے مسلمان شہری کو آسٹریلیا کا ہیرو مانا جائے گا۔یہ حملہ 14 دسمبر کو سڈنی کے بونڈائی بیچ پر ہوا تھا، جس میں 16 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہوئے تھے، جن میں 2 پولیس اہلکار اور بچے بھی شامل تھے۔

مزیدخبریں