نواز شریف کی زیرصدارت مری میں ن لیگ کا اجلاس، آزاد کشمیر کی وزارت عظمیٰ کیلئے ناموں پر غور

03:37 PM, 15 Aug, 2026

مری: مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی زیرصدارت مری میں اہم اجلاس ہوا، جس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور وزارت عظمیٰ کے امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، حمزہ شہباز اور آزاد کشمیر اسمبلی کے نومنتخب مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے حوالے سے مختلف امور پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کا اختیار نواز شریف کو دے دیا ہے۔ پارٹی قیادت کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے لیے متعدد نام زیرغور ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہ غلام قادر وزارت عظمیٰ کے مضبوط ترین امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں، جبکہ طارق فاروق، کرنل (ر) وقار اور راجہ فاروق حیدر بھی وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں شامل ہیں۔

اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے حکمت عملی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر کے نام کا حتمی فیصلہ مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

مزیدخبریں