انڈسٹری اور اکیڈیمیا کا مضبوط رابطہ نوجوانوں کے مستقبل کی ضمانت ہے:ڈاکٹر سمیرا رحمان

03:05 PM, 15 Aug, 2026

 انڈسٹری اور اکیڈیمیا کا مضبوط رابطہ نوجوانوں کے مستقبل کی ضمانت ہے:ڈاکٹر سمیرا رحمان
 انڈسٹری اور اکیڈیمیا کا مضبوط رابطہ نوجوانوں کے مستقبل کی ضمانت ہے:ڈاکٹر سمیرا رحمان

لاہور: ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کی نوجوان نسل بے پناہ صلاحیتوں کی حامل ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوانوں کو درست سمت، عملی تجربہ اور آگے بڑھنے کے بہتر مواقع فراہم کیے جائیں۔

سپیریئر یونیورسٹی میں ’’آئی ایم اے 2026، انڈسٹری میٹس اکیڈیمیا‘‘ کے افتتاح کے موقع پر پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے ربن کاٹ کر ایونٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ دن رات کی محنت کے بعد آئی ایم اے 2026 کا کامیاب انعقاد ممکن ہوا، جس پر تمام منتظمین اور ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹری اور اکیڈیمیا کے درمیان خلا کم کرنے کے لیے آئی ایم اے ایک اہم اقدام ہے۔ تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان رابطہ مضبوط ہونے سے طلبہ کو عملی زندگی کے تقاضوں کو سمجھنے اور اپنے مستقبل کے لیے بہتر تیاری کا موقع ملتا ہے۔

ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی نے کہا کہ ہمیں مل کر پاکستان کی یوتھ کو آگے لے کر جانا ہے۔ طلبہ محنت اور مستقل مزاجی کو اپنا شعار بنائیں تو کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ سپیریئر یونیورسٹی میں ہر مضمون کو عملی کام سے جوڑا گیا ہے تاکہ طلبہ محض ڈگری حاصل کرنے کے بجائے عملی میدان کے لیے بھی تیار ہوں۔

پروفیسر ڈاکٹر سمیرا رحمان نے بتایا کہ یونیورسٹی کا ’’تھری یو ون ایم‘‘ پروگرام بھی کامیابی سے جاری ہے، جس کے تحت طلبہ کو ایک سال کا عملی تجربہ حاصل ہوتا ہے۔ یہ تجربہ انہیں تعلیم مکمل کرنے کے بعد ملازمت کے حصول میں مدد فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ترقی میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اگر ہم اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں پوری کریں تو بہت سے مسائل خود حل کیے جا سکتے ہیں۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے تعلیمی اداروں اور صنعت کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

مزیدخبریں