سری نگر: بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کی اپیل پر کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا کے مختلف حصوں میں کشمیری بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج کریں گے۔
آل پارٹیز حریت کانفرنس نے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بھارت کے یومِ آزادی کو یومِ سیاہ کے طور پر منا کر بھارتی قبضے کے خلاف اپنے احتجاج کا اظہار کریں۔
مقبوضہ وادی میں بھارتی انتظامیہ نے سکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔ سری نگر سمیت مختلف علاقوں میں بھارتی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ اہم شاہراہوں اور مقامات پر ناکہ بندی اور تلاشی کا سلسلہ جاری ہے۔
حریت قیادت کے مطابق یومِ سیاہ منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جانب مبذول کرانا ہے۔ دوسری جانب بھارتی انتظامیہ کی جانب سے احتجاج کو روکنے کے لیے سخت سکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں۔