چین میں پاک بحریہ کی تیسری ہنگور کلاس آبدوز "پی این ایس ایم مانگرو" کی کامیاب لانچنگ

09:50 PM, 15 Aug, 2025

ووہان، چین : پاک بحریہ کی تیسری ہنگور کلاس آبدوز پی این ایس ایم مانگرو (PNS-M Mangro) کی لانچنگ کی تقریب چین کے شہر ووہان میں منعقد ہوئی۔ یہ تقریب ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ، شوانگلیو بیس میں منعقد کی گئی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (پراجیکٹ-2)، وائس ایڈمرل عبدالصمد تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ جیو اسٹریٹیجک ماحول میں سمندری سلامتی کلیدی اہمیت اختیار کر چکی ہے، اور پاک بحریہ قومی مفادات کے تحفظ کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ سرگرمِ عمل ہے۔

وائس ایڈمرل عبدالصمد نے کہا کہ ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہیں جو خطے میں امن، استحکام اور طاقت کے توازن کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے چائنا شپ بلڈنگ اینڈ آف شور انٹرنیشنل کمپنی لمیٹڈ (CSOC) اور ووچانگ شپ بلڈنگ انڈسٹری گروپ کی انتھک کاوشوں کو سراہتے ہوئے، منصوبے کی بروقت تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور اسے پاک چین دفاعی تعاون میں ایک نئی پیش رفت قرار دیا۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے چین کے ساتھ 8 ہنگور کلاس آبدوزوں کے حصول کا معاہدہ کیا ہے، جن میں سے چار آبدوزیں چین میں اور چار پاکستان میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس (KS&EW) میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کے تحت تیار کی جا رہی ہیں۔

تقریب میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام، دفاعی ماہرین اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

مزیدخبریں