بارشوں اور سیلاب پر ہنگامی اجلاس، وزیراعظم کی NDMA کو فوری امدادی اقدامات کی ہدایت

07:58 PM, 15 Aug, 2025

اسلام آباد: خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایک ہنگامی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے متاثرہ علاقوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات سے آگاہ کیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مکمل اشتراک کو یقینی بنائے اور امدادی و بچاؤ کارروائیوں کے لیے تمام دستیاب وسائل فوری طور پر استعمال میں لائے جائیں۔

وزیراعظم نے یہ بھی حکم دیا کہ خیبرپختونخوا کے متاثرہ اضلاع میں امدادی اشیاء فوری طور پر ٹرکوں کے ذریعے بھجوائی جائیں، تاکہ لوگوں کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ سیلاب میں پھنسے شہریوں اور سیاحوں کی فوری اور محفوظ نقل مکانی کو یقینی بنایا جائے۔

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور بادل پھٹنے کے نتیجے میں آنے والے سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ ڈپٹی کمشنر بونیر کے مطابق علاقے میں 78 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر صوبے بھر میں اموات کی تعداد 194 ہو گئی ہے۔ صوبائی حکومت نے اس سانحے پر صوبہ بھر میں ایک روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔

مزیدخبریں