بھارتی ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑپتی‘ میں خواتین فوجی افسران کی شرکت پر تنازعہ

03:29 PM, 15 Aug, 2025

نئی دہلی: ٹی وی شو ’کون بنے گا کروڑپتی‘ میں  بھارتی فوج کی تین خواتین افسران کی یونی فارم میں شرکت سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں  ہے۔ اس شو میں کرنل صوفیہ قریشی، ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ اور کمانڈر پرینینا دیوستھالی کو میزبان امیتابھ بچن کے ساتھ دکھایا گیا، جہاں انہوں نے مئی میں پاکستان کے خلاف آپریشن سندور کی وضاحت کی۔

یہ شرکت بھارت اور پاکستان کے مابین کشیدگی کے حساس دور میں سامنے آئی ہے، جس نے سیاسی حلقوں اور عوام میں سوالات پیدا کر دیے ہیں کہ کیا حکومت فوج کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے شو کی اس جھلکی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے فوج کی غیر جانبداری متاثر ہوتی ہے۔ بعض ناقدین نے کہا کہ اس پروگرام میں جنگی بیانیے کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ بعض نے امیتابھ بچن کو امن کا پیغام دینے کا کہا۔

بھارت میں عام طور پر فوجی اہلکار تفریحی پروگراموں میں وردی کے ساتھ نظر نہیں آتے، اس لیے اس بار کی شرکت کو غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس پر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ حکومت کی جانب سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش ہو سکتی ہے۔

مزیدخبریں