پاکستانی نژاد برطانوی طالبہ ماہ نور چیمہ نے 6 عالمی تعلیمی ریکارڈز قائم کر دیے

01:42 PM, 15 Aug, 2025

لندن:پاکستانی نژاد برطانوی طالبہ ماہ نور چیمہ نے محنت، ذہانت اور لگن کی ایسی مثال قائم کر دی جو دنیا بھر کے طلبہ کے لیے مشعلِ راہ بن گئی ہے۔ 18 سالہ ماہ نور نے ایک ساتھ 24 اے لیول مضامین میں اعلیٰ نمبرز حاصل کر کے نہ صرف چار عالمی ریکارڈ توڑ ڈالے بلکہ مجموعی طور پر چھ عالمی تعلیمی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔

یہ کامیابی دنیا بھر کے تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے لاکھوں طلبہ کے درمیان ایک بے مثال سنگ میل ہے۔

ماہ نور کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں میڈیکل کی تعلیم کے لیے داخلہ مل گیا ہے، جسے وہ اپنے بچپن کا خواب قرار دیتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سب ان کے والدین کی دعاؤں اور قربانیوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے ہمیشہ ان کی تعلیم اور صلاحیتوں پر یقین رکھا۔

ماہ نور 2006 میں اپنے والدین کے ساتھ لاہور سے برطانیہ گئی تھیں۔ انہوں نے مختلف سکولوں میں تعلیم حاصل کی، اور اپنے اے لیول کا آخری سال ہوم اسکولنگ سے مکمل کیا۔ صرف تعلیم ہی نہیں، وہ موسیقی میں ڈپلومہ، اداکاری اور پبلک اسپیکنگ میں گولڈ میڈلز حاصل کر چکی ہیں اور دنیا کی ذہین ترین افراد کی تنظیم مینسا کی رکن بھی ہیں۔

ان کی شاندار کامیابی پر پاکستان کے سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور شہباز شریف نے بھی مبارکباد دی اور ماہ نور کو "قوم کی بیٹی" قرار دیا۔

مزیدخبریں