نیتن یاہو کا "گریٹر اسرائیل" کا نظریہ، عرب دنیا میں غم و غصہ

12:19 PM, 15 Aug, 2025

تل ابیب : اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حال ہی میں کہا ہے کہ وہ گریٹر اسرائیل کے نظریے سے بہت جڑے ہوئے ہیں اور اسے ایک تاریخی اور مذہبی مشن سمجھتے ہیں۔ ان کے مطابق اس نظریے میں فلسطینی علاقوں کے علاوہ اردن اور مصر کے کچھ حصے بھی شامل ہیں۔

نیتن یاہو نے یہ بھی بتایا کہ وہ کچھ عرب ممالک سے فلسطینیوں کو پناہ دینے پر بات چیت کر رہے ہیں، لیکن انہوں نے ان ممالک کے نام نہیں بتائے۔

اس بیان پر عرب ممالک نے سخت ردعمل دیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔ اردن نے نیتن یاہو کے اس بیان کو خطے کی خودمختاری کے لیے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔ مصر نے اسرائیل سے وضاحت مانگی ہے اور کہا ہے کہ یہ بیان خطے میں امن کے خلاف ہے۔

عرب لیگ نے بھی کہا ہے کہ یہ بیان عرب ممالک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ یمن نے بھی اسے بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ یہ خطے میں کشیدگی بڑھائے گا۔

چند ماہ پہلے اسرائیل نے ایک نقشہ جاری کیا تھا جس میں فلسطینی علاقوں کے ساتھ ساتھ اردن، شام، لبنان اور دیگر عرب ممالک کو بھی اپنے حصے کے طور پر دکھایا گیا تھا، جو پہلے ہی تنازعے کی شدت کو بڑھا چکا ہے۔

مزیدخبریں