وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا ترقیاتی منصوبوں کی وقت پر تکمیل اور معیار کی پابندی پر زور

11:14 AM, 15 Aug, 2025

لاہور :  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبے نہ صرف وقت پر مکمل کیے جائیں بلکہ ان کا معیار بھی بلند ہو۔ انہوں نے اس بات پر خاص زور دیا کہ عوام کو صاف پانی کی فراہمی اور بنیادی سہولیات جلدی سے مہیا کی جائیں۔

مریم نوازشریف کی زیر صدارت ایک اجلاس میں مثالی گاؤں پراجیکٹ، واٹر فلٹریشن پلانٹس، لاہور اور پنجاب کے دیگر ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تکمیل کے لیے 30 جون 2026 تک کی ڈیڈ لائن مقرر کی اور کہا کہ یہ کام مقررہ وقت میں مکمل ہونا چاہیے۔

انہوں نے لاہور میں سڑکوں کی تعمیر اور مرمت پر بھی تیز رفتار کام کرنے کی ہدایت کی اور کچھ منصوبوں میں تاخیر پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں پنجاب کے مختلف شہروں میں بیوٹیفکیشن کے منصوبے بھی زیر بحث آئے، جن میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، گجرات اور ساہیوال شامل ہیں، جہاں مجموعی طور پر سیکڑوں بیوٹیفکیشن منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پینے کے پانی کی فراہمی سے متعلق عوام کی شکایات فوری حل کی جائیں گی اور واٹر فلٹریشن پلانٹس کی مرمت اور دیکھ بھال کے لیے ایک موثر نظام بنایا جائے گا تاکہ لوگ بہتر سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

مزیدخبریں