باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ اور آسمانی بجلی گرنے سے 8 افراد جاں بحق، لوئر دیر میں مکان گرنے سے 5 افراد لقمہ اجل

09:35 AM, 15 Aug, 2025

باجوڑ : خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل سلارزئی میں شدید بارش اور کلاؤڈ برسٹ (بادل پھٹنے) کے باعث بڑا حادثہ پیش آیا ہے، جہاں سیلابی ریلے میں بہہ کر 8 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ حادثے کے بعد 17 افراد لاپتہ ہیں جبکہ 4 زخمیوں کو ملبے سے نکال کر طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ریسکیو ٹیمیں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر امجد خان کی نگرانی میں علاقے میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ کئی گھروں کو بھی نقصان پہنچا ہے، اور مزید زخمیوں کی اطلاع موصول ہو رہی ہے۔

ادھر لوئر دیر کے علاقے سوری پاؤ میں مسلسل بارش کے دوران ایک مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ حادثے میں 7 افراد ملبے تلے دب گئے تھے جن میں سے 2 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی یہ صورتحال تشویشناک ہے، اور حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزیدخبریں