کراچی : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی میں اہم مصروفیات کے دوران چینی سفارتکاروں اور سندھ کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کیں، جس کا محور چینی باشندوں کی سکیورٹی اور ملکی امن و امان رہا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے چینی قونصلیٹ پہنچ کر قونصل جنرل سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک چین تعاون اور سی پیک سمیت دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی ماہرین کی سکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہماری ترجیح ہے تاکہ سرمایہ کاری کے عمل کو تیز کیا جا سکے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چینی شہریوں کو درپیش انتظامی یا سکیورٹی کے مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل ہوں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کی۔ اس ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال اور ملک میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے سدِباب کے لیے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ رکھنا ناگزیر ہے۔
سرمایہ کاروں کا تحفظ اور امن و امان: وزیر داخلہ محسن نقوی کا چینی قونصلیٹ اور وزیراعلیٰ ہاؤس کا دورہ
02:14 PM, 15 Apr, 2026