خطے کی صورتحال اور پاک،سعودی تعلقات: وزیراعظم شہباز شریف کا تین ملکی اہم سفارتی مشن شروع

01:50 PM, 15 Apr, 2026

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف ایران،امریکا مذاکرات اور بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے پیشِ نظر سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے اہم دورے پر روانہ ہو گئے ہیں۔ یہ دورہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں، جہاں دوطرفہ معاشی تعاون اور علاقائی امن و سلامتی پر تفصیلی مشاورت ہوگی۔ دورے کے اگلے مراحل میں وزیراعظم قطر اور ترکیہ بھی جائیں گے۔ ترکیہ میں وزیراعظم "انطالیہ ڈپلومیسی فورم" میں شرکت کریں گے اور وہاں موجود مختلف عالمی رہنماؤں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ ملک کی اہم سیاسی و سفارتی شخصیات کا وفد بھی موجود ہے، جن میں  اسحاق ڈار (نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ)،    عطااللہ تارڑ (وزیر اطلاعات و نشریات)،    طارق فاطمی (معاون خصوصی)  شامل ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اس دورے کا محور دوطرفہ تعلقات کے علاوہ مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال اور علاقائی امن ہے۔ پاکستان اس وقت ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے ایک پل کا کردار ادا کر رہا ہے، اور وزیراعظم ان تمام ممالک کی قیادت کو اس حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔وزیراعظم شہباز شریف اپنا سفارتی مشن مکمل کر کے 18 اپریل کو وطن واپس پہنچیں گے۔

مزیدخبریں