سعودی عرب کا پاکستان کے لیے "بڑا ریلیف پیکیج"؛ 8 ارب ڈالر کی مالی معاونت سے زرمبادلہ ذخائر مستحکم

09:05 AM, 15 Apr, 2026

واشنگٹن : وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے اجلاسوں کے دوران پاکستان کی معیشت کے لیے ایک بڑی خوشخبری سنائی ہے۔ سعودی عرب نے پاکستان کے لیے مجموعی طور پر 8 ارب ڈالر کے مالیاتی ریلیف کی منظوری دے دی ہے، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ مکمل طور پر ختم ہونے کی توقع ہے۔
 سعودی عرب آئندہ ہفتے پاکستان کو مزید 3 ارب ڈالر کے نئے ڈپازٹس فراہم کرے گا، جس سے بیرونی ادائیگیوں کا توازن بہتر ہوگا۔پہلے سے موجود 5 ارب ڈالر کے سعودی ڈپازٹس، جنہیں ہر سال رول اوور کروانا پڑتا تھا، اب مستقل طور پر طویل مدتی سہولت میں تبدیل کر دیے گئے ہیں۔
 وزیرِ خزانہ کے مطابق اس معاونت کے بعد ملکی ذخائر کو 18 ارب ڈالر تک لے جایا جائے گا، جو کہ آئی ایم ایف پروگرام کے اہداف کے عین مطابق ہے۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان نے حال ہی میں 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ کامیابی سے ادا کر کے ثابت کر دیا ہے کہ ملک اپنی تمام بیرونی ذمہ داریاں پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے سعودی قیادت بالخصوص ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور پاکستانی عسکری و سیاسی قیادت کا شکریہ ادا کیا جن کی مشترکہ کوششوں سے یہ اعتماد بحال ہوا۔
وزیرِ خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اب فنڈنگ کے ذرائع کو متنوع بنانے کے لیے "پانڈا بانڈ" کے اجرا پر بھی کام کر رہی ہے تاکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی جانب راغب کیا جا سکے۔

مزیدخبریں