لاہور نہ صرف تاریخ کا محافظ ہے بلکہ محبت، ثقافت اور ذائقوں کا شہر بھی ہے ، مریم نواز

01:08 PM, 15 Apr, 2025

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب سیاحوں کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور لاہور نہ صرف تاریخ کا محافظ ہے بلکہ محبت، ثقافت اور ذائقوں کا شہر بھی ہے۔

یہ بات انہوں نے اکنامک کوآپریشن آرگنائزیشن (ECO) کے 25 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جس میں ترکی، ایران، ازبکستان، تاجکستان سمیت دیگر ممالک کے نمائندے شامل تھے۔ وفد کی قیادت ای سی او کے سیکرٹری جنرل اسد مجید خان نے کی۔

مریم نواز نے لاہور کو ای سی او کیپٹل قرار دینے پر ترکمانستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور کی ثقافتی بحالی کی ذاتی نگرانی کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ لاہور کے تاریخی مقامات، باغات، اور یونیسکو ورلڈ ہیریٹیج سائٹس اس کی عظمت کی علامت ہیں، اور پنجاب حکومت صوبے بھر میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی، زراعت، تعلیم، صنعت اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا چکا ہے۔ ای سی او وفد نے لاہور کی ترقی اور ثقافت کے فروغ میں وزیراعلیٰ کی کوششوں کو سراہا اور انہیں یادگاری تحائف پیش کیے۔

مزیدخبریں