ایشیا کپ: پاک بھارت میچ سے پہلے دبئی پولیس کی شائقین کو سخت تنبیہ

02:42 PM, 14 Sep, 2025

دبئی: ایشیا کپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ہائی وولٹیج میچ سے پہلے دبئی پولیس نے اسٹیڈیم آنے والے کرکٹ شائقین کو واضح وارننگ جاری کر دی ہے۔

پولیس نے کہا ہے کہ میچ کے دوران کسی بھی قسم کی بدتمیزی، جھگڑا، بدزبانی یا نسل پرستانہ رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ایسے افراد کو نہ صرف موقع پر گرفتار کیا جائے گا بلکہ ان پر سخت قانونی کارروائی بھی ہو گی۔

ایونٹس سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ میجر جنرل سیف محیر المزروعی کے مطابق، اگر کوئی شخص اسٹیڈیم کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اُسے ایک سے تین ماہ قید اور 10 ہزار سے 30 ہزار درہم تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔ پاکستانی کرنسی میں یہ رقم تقریباً ساڑھے 7 لاکھ سے 23 لاکھ روپے بنتی ہے۔

پولیس نے شائقین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کھیل کو کھیل ہی رہنے دیں، اور جذبات میں آ کر کوئی ایسی حرکت نہ کریں جس سے قانون کی خلاف ورزی ہو۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات صرف اس لیے کیے جا رہے ہیں تاکہ اسٹیڈیم کا ماحول پرامن اور محفوظ بنایا جا سکے۔

پاکستان اور بھارت کے میچ ہمیشہ جوش و جذبے سے بھرپور ہوتے ہیں، لیکن دبئی پولیس کی یہ تنبیہ یاد دلاتی ہے کہ جذبات پر قابو رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔

مزیدخبریں