میٹا نے کمیونٹی نوٹس میں نئی خصوصیات شامل کر دیں

03:22 PM, 14 Sep, 2025

کیلیفورنیا : میٹا نے اپنے فیکٹ چیکنگ پروگرام "کمیونٹی نوٹس" میں چند نئی خصوصیات متعارف کرا دی ہیں۔ یہ فیچر اس سال شروع میں امریکا میں آیا تھا اور اب اسے مزید بہتر بنایا گیا ہے۔

اب صارفین فیس بک، انسٹاگرام اور تھریڈز پر اپنی پوسٹ پر کمیونٹی نوٹس کا نوٹیفکیشن حاصل کر سکیں گے۔ ساتھ ہی وہ بتا سکیں گے کہ نوٹس مددگار تھا یا نہیں۔ یہ فیچر ابھی کچھ منتخب صارفین کے لیے آزمائشی طور پر دستیاب ہے۔

میٹا کے چیف سکیورٹی افسر کے مطابق اب تک 70 ہزار لوگوں نے 15 ہزار نوٹس لکھے، مگر صرف چھ فیصد نوٹس شائع ہوئے ہیں، جو ابھی کم ہے۔

یہ نظام ایکس (پہلے ٹویٹر) کے 2021 میں شروع کیے گئے نوٹس سسٹم جیسا ہے، لیکن ایکس کے نظام پر تنقید بھی ہوتی ہے کہ وہ غلط معلومات کو بروقت روک نہیں پاتا۔

فیس بک کا سسٹم تب کام کرتا ہے جب مختلف نظریات رکھنے والے لوگ کسی بات پر متفق ہو جائیں، لیکن ناقدین کہتے ہیں کہ یہ اتفاق حاصل کرنا آسان نہیں اور غلط معلومات پہلے ہی زیادہ پھیل جاتی ہے۔

میٹا نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے پرانے فیکٹ چیکنگ پروگرام کو بند کر کے کمیونٹی نوٹس کو آگے بڑھا رہا ہے، مگر کچھ ادارے چاہتے ہیں کہ پرانا پروگرام دوبارہ شروع کیا جائے۔

مزیدخبریں