پنجاب میں ٹول پلازوں کا ڈیجیٹائزیشن، ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

01:56 PM, 14 Oct, 2025

لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت ایک اہم اجلاس میں صوبے کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے تمام ٹول پلازوں پر پرچی کا نظام ختم کر دیا جائے گا اور ان کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کر دیا جائے گا۔ نئے نظام کے تحت 38 ٹول پلازوں پر ’’ون ایپ، ون سسٹم‘‘ متعارف کیا جائے گا، جس سے سفر میں تیزی آئے گی اور عوام کو بہتر سہولت ملے گی۔

اسی اجلاس میں 5 بڑی سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے کام کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس سے حکومت کے اخراجات میں کمی اور کام کی رفتار میں اضافہ متوقع ہے۔

وزیراعلیٰ نے لاہور میں بیوٹیفکیشن کے منصوبوں کو بھی منظور کیا، جس میں ریلوے اسٹیشن، داتا دربار اور مصری شاہ کے علاقے شامل ہیں۔ ان منصوبوں کے تحت ان مقامات کی خوبصورتی بڑھائی جائے گی، ساتھ ہی ریلوے اسٹیشن کے سامنے پارک میں بچوں کے لیے منی ٹرین اور فوارہ لگایا جائے گا۔

سڑکوں کی بحالی اور تعمیر کے حوالے سے بھی وزیراعلیٰ نے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ حالیہ سیلاب کے بعد 54 پلوں، 142 چھوٹے پلوں اور 858 سڑکوں کی مکمل بحالی کی جا چکی ہے۔ ملتان-وہاڑی روڈ کو پنجاب کی پہلی ڈسٹ فری سڑک بنانے کا منصوبہ بھی جاری ہے، جو جون 2026 تک مکمل ہو جائے گا۔

اس کے علاوہ، پنجاب بھر میں 5251 کلومیٹر طویل سڑکوں کے 2341 منصوبے دسمبر 2025 میں شروع ہوں گے، جنہیں جون 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ ان اقدامات سے نہ صرف عوام کی زندگیوں میں بہتری آئے گی بلکہ پنجاب کی ترقی کی رفتار بھی تیز ہو گی۔

مزیدخبریں