لاہور ٹیسٹ: تیسرے دن کا آغاز پاکستان کو جنوبی افریقہ کے خلاف 109 رنز کی برتری

11:26 AM, 14 Oct, 2025

لاہور: قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز جنوبی افریقی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 269 رنز پر آؤٹ ہو گئی، جس کے بعد پاکستان کو 109 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔

آج کے کھیل کا آغاز جنوبی افریقہ نے 216 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ کیا، لیکن وہ جلد ہی مکمل طور پر ڈھیر ہو گئے۔ سینورن متھوسامی اور ٹونی ڈی ذورزی نے دن کا آغاز کیا، لیکن سینورن متھوسامی 11 رنز پر ساجد خان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد ٹونی ڈی ذورزی نے 104 رنز بنائے، لیکن نعمان علی کی گیند پر شاہین آفریدی کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ اس کے بعد جنوبی افریقی ٹیم کے باقی کھلاڑی بھی جلد آؤٹ ہو گئے، اور وہ 269 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے شاندار باؤلنگ کی اور 6 وکٹیں حاصل کیں۔ ساجد خان نے 3 وکٹیں لیں جبکہ سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی پہلی اننگز کا آغاز 313 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ سے ہوا، اور محمد رضوان 75 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ تاہم، محمد رضوان 362 کے مجموعے پر آؤٹ ہو گئے، اور اس کے بعد نعمان علی اور ساجد خان بھی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ سلمان علی آغا نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے اور 93 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جب کہ شاہین آفریدی 7 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ حسن علی بغیر کسی رن کے ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقی باؤلرز میں سینورن متھوسامی نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ کگیسو ربادا اور پرینیلن سبریئن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ ابتدا میں ہی عبداللہ شفیق 2 رنز پر آؤٹ ہو گئے، لیکن امام الحق اور شان مسعود نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی۔ شان مسعود 76 رنز اور امام الحق 93 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بابر اعظم صرف 23 رنز بنا سکے، جبکہ سعود شکیل بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان کو اس وقت 109 رنز کی برتری حاصل ہے، اور اگلے دن ان کے لیے یہ برتری برقرار رکھنا اور مزید رنز بنانا اہم ہوگا۔

مزیدخبریں