حماس نے 4 مغویوں کی لاشیں اور 20 یرغمالیوں کو اسرائیل کے حوالے کردیا

10:16 AM, 14 Oct, 2025

غزہ : فلسطینی تنظیم حماس نے جنگ بندی معاہدے کے تحت 20 یرغمالیوں کو رہا کرنے کے بعد 4 مغویوں کی لاشیں اسرائیل کے حوالے کر دیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق، حماس نے ان لاشوں کو بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے ذریعے اسرائیل تک پہنچایا۔ ان افراد میں گائے ایلوز، یوسی شارابی، بپن جوشی اور ڈینیئل پریز شامل ہیں۔

حماس نے بتایا کہ باقی 24 لاشوں کو نکالنے میں کچھ وقت لگ سکتا ہے کیونکہ ان کی تدفین کی جگہوں کا علم نہیں ہے۔ گزشتہ روز حماس نے معاہدے کے تحت 20 زندہ یرغمالیوں کو رہا کیا، جو صحت مند اور خوشگوار حالت میں نظر آئے۔

دوسری جانب، اسرائیلی جیلوں سے 1,968 فلسطینی قیدی رہا ہو کر غزہ اور مغربی کنارے پہنچے۔ برسوں بعد اپنے پیاروں سے ملاقات کے دوران ان کے اہلخانہ خوشی سے پھولے نہ سمائے اور ایک دوسرے کو گلے لگا کر محبت کا اظہار کیا۔

رہائی پانے والے ایک فلسطینی قیدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "ہم سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور پھر غزہ کے لوگوں اور مزاحمت کے قدم چومتے ہیں جنہوں نے ہمیں عزت کے ساتھ رہائی دلائی۔" اس نے جیل کے سخت حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "ہمیں 4 دن پہلے اپنی کوٹھریوں سے نکالا گیا اور اس کے بعد ہمیں مارا پیٹا اور ذلیل کیا گیا۔"

مزیدخبریں