اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی کالعدم دہشت گرد گروپ، بشمول ٹی ٹی پی اور بی ایل اے، کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گا۔ پاکستان افغانستان سے تمام مسائل پر بات چیت کے ذریعے حل چاہتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پاک فوج ہر طرح کی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان رجیم دہشت گردوں کو مہاجرین کے طور پر پیش کر کے غلط تاثر دے رہی ہے اور امید ظاہر کی کہ افغان حکومت دہشت گرد گروپوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرے گی۔
طاہر حسین اندرابی نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہر ممکن تحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ طالبان رجیم اپنی سرزمین پر دہشت گرد عناصر کی سرگرمیوں پر قابو پائے۔