دوسرا ون ڈے میچ : پاکستان کا سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

02:10 PM, 14 Nov, 2025

راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچز کی سیریز کا دوسرا ون ڈے میچ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ہے۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میزبان ٹیم پہلے ہی سیریز کا پہلا میچ جیت چکی ہے، اور اب دوسرا میچ جیت کر سیریز پر اپنی گرفت مزید مضبوط کرنے کی کوشش کرے گی۔

یہ میچ پہلے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ایک دن کے لیے ملتوی کیا گیا تھا، اور آج کے میچ کے دوران بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

راولپنڈی کے سی پی او، خالد ہمدانی کے مطابق، میچ کی سکیورٹی کے لیے پولیس نے اضافی اقدامات کیے ہیں۔ سٹیڈیم کے ارد گرد فیض آباد سے ڈبل روڈ تک ہوٹلوں کو بند کر دیا گیا ہے، اور وہاں موجود عمارتوں کی تیکنیکی سوئپنگ بھی کی گئی ہے تاکہ کوئی غیر معمولی چیز موجود نہ ہو۔

اس کے علاوہ، میچ کے دوران سٹیڈیم کے اطراف میں فروٹ و اشیاء خورد و نوش کے ٹھیلوں پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سکیورٹی کے حوالے سے ہوٹلوں اور عمارتوں کے مالکان سے پابندی پر عملدرآمد کے لیے بانڈز بھی لیے جا رہے ہیں۔

مزیدخبریں