اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس کے طور پر جسٹس امین الدین خان نے ایوان صدر اسلام آباد میں اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان سے حلف لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاکستان فضائیہ اور بحریہ کے سربراہان، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس محمد یحییٰ آفریدی، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سمیت کئی اہم سیاسی اور فوجی شخصیات بھی موجود تھیں۔
گزشتہ روز وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت نے جسٹس امین الدین خان کی تقرری کی منظوری دی تھی، جس کے بعد ان کی تقرری کا نوٹیفکیشن وزارت قانون و انصاف نے جاری کیا تھا۔ اس سے پہلے جسٹس امین الدین خان آئینی بنچ کے سربراہ تھے اور 30 نومبر کو ریٹائر ہونے والے تھے۔
آئینی عدالت کے چھ ججز کی تقرری کے بعد ان کا حلف اٹھانے کا عمل بھی مکمل ہونے کو ہے۔ ججز میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس کے کے آغا، جسٹس روزی خان، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس علی باقر نجفی کے نام شامل ہیں۔