کراچی : ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کا مثبت رجحان برقرار ہے، جس سے روپے کی قدر اور معاشی استحکام کو مزید تقویت ملی ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، مرکزی بینک کے اپنے زرمبادلہ کے ذخائر 1 کروڑ 67 لاکھ ڈالر بڑھ گئے ہیں، جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے پاس موجود ذخائر کا مجموعی حجم 15 ارب 86 کروڑ 74 لاکھ ڈالر ہو گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی تجارتی (کمرشل) بینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی 2 کروڑ 65 لاکھ ڈالر کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے، اور کمرشل بینکوں کے ذخائر اب 5 ارب 46 کروڑ 93 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق، اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کے اثاثوں میں اس بہتری کے بعد پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر میں 4 کروڑ 32 لاکھ ڈالر کا مجموعی اضافہ ہوا ہے، جسے ماہرینِ معیشت ملکی ساکھ اور بیرونی ادائیگیوں کے حوالے سے ایک خوش آئند پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔
معاشی محاذ سے اچھی خبر،پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں کروڑوں ڈالر کا اضافہ
10:03 PM, 14 May, 2026