تزویراتی توازن میں اہم پیش رفت: پاکستان کا جدید 'فتح-4' میزائل کا کامیاب تجربہ

04:25 PM, 14 May, 2026

اسلام آباد : پاکستان نے دفاعی شعبے میں اپنی تکنیکی برتری کو ثابت کرتے ہوئے مقامی سطح پر تیار کردہ گراؤنڈ لانچڈ کروز میزائل 'فتح-4' کا کامیاب تربیتی فائر کر لیا ہے۔ یہ تجربہ پاکستان کی دفاعی پہنچ اور حربی صلاحیتوں کو مزید وسعت دے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یہ تربیتی فائر مسلح افواج کی مجموعی آپریشنل استعداد کار کو صیقل کرنے کے لیے کیا گیا۔ جدید ترین ایویونکس اور گائیڈنس نیویگیشن سسٹم سے لیس یہ کروز میزائل طویل فاصلے پر موجود کسی بھی ہدف کو انتہائی پریسجن (درستگی) کے ساتھ تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ فائر کے دوران میزائل کے تمام ذیلی نظاموں (Sub-systems) نے اپنی کارکردگی کا بہترین مظاہرہ کیا جس سے ان کے تکنیکی معیار کی توثیق ہوئی۔
اس اہم تربیتی تجربے کی نگرانی سینئر عسکری قیادت، دفاعی سائنسدانوں اور انجینئرز نے کی، جنہوں نے میزائل کے کامیاب فلائٹ پیرامیٹرز پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 'فتح-4' کا یہ کامیاب فائر ملکی دفاعی ٹیکنالوجی پر انجینئرز کی مکمل گرفت کا ثبوت ہے۔
میزائل کے کامیاب فائر پر صدرِ مملکت، وزیرِ اعظم اور وزیرِ داخلہ نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس منصوبے کو سراہا ہے۔ آرمی چیف اور دیگر سروسز چیفس نے 'فتح سیریز' میزائل پروگرام سے وابستہ ٹیم کے عزم، دن رات کی محنت اور غیر معمولی تکنیکی مہارت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

مزیدخبریں