’چین اور امریکہ کے تعلقات دنیا کے مقدر کا فیصلہ کریں گے‘: بیجنگ میں صدر ٹرمپ کا تاریخی خطاب، شی جن پنگ کو دورہ واشنگٹن کی دعوت

03:50 PM, 14 May, 2026

بیجنگ:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیجنگ میں اپنے قیام کو ایک یادگار تجربہ قرار دیتے ہوئے چین اور امریکہ کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری کا نیا ایجنڈا پیش کر دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات نہ صرف باہمی مفاد میں ہیں بلکہ یہ پوری دنیا پر گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے چینی میزبانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "آج یہاں موجود ہونا میرے لیے باعثِ فخر ہے، چین میں ہمارا جس والہانہ انداز میں استقبال ہوا، میں نے ماضی میں ایسا کبھی نہیں دیکھا۔" انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو انتہائی مثبت اور تعمیری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان مذاکرات کے نتائج دونوں اقوام کے لیے بہترین ثابت ہوں گے۔
امریکی صدر نے اپنے خطاب میں کچھ کلیدی نکات پر زور دیا۔ ایک دوسرے کا احترام ہی وہ بنیاد ہے جس پر ترقی کی منزل تعمیر کی جا سکتی ہے۔ تجارت اور اقتصادی تعاون کو وسعت دینا وقت کا سب سے بڑا تقاضا ہے۔ دونوں ممالک کے عوام مل کر عالمی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
دو طرفہ تعلقات میں گرمجوشی کا ثبوت دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے چینی صدر شی جن پنگ کو 24 ستمبر کو امریکہ کے سرکاری دورے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ وہ امریکہ اور چین کے درمیان ایسے مضبوط تعلقات چاہتے ہیں جو تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں نئی بلندیوں کو چھو لیں۔

مزیدخبریں