’کوکین کوئین‘ اور پولیس افسر کے گٹھ جوڑ کا اسکینڈل: وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس، خفیہ ایجنسی کو تحقیقات کا حکم

01:35 PM, 14 May, 2026

لاہور:کراچی میں گرفتار بدنام زمانہ منشیات فروش انمول عرف پنکی اور لاہور پولیس کے مابین مبینہ گٹھ جوڑ کے انکشافات نے پنجاب حکومت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے معاملے کی حساسیت کے پیشِ نظر خفیہ ادارے سے فوری طور پر سیلڈ رپورٹ طلب کر لی ہے، جبکہ پولیس کے انویسٹی گیشن ونگز میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
تفتیش میں یہ ہوش ربا حقیقت سامنے آئی ہے کہ لاہور کے نارکوٹکس انویسٹی گیشن یونٹ (NIU) نے نہ صرف ملزمہ کو گرفتار کر کے مبینہ طور پر لاکھوں روپے رشوت لی، بلکہ اہلکاروں نے ملزمہ کو کوکین تیار کرنے کی جدید ترین تکنیک بھی سکھائی۔ اسی دوران تفتیشی انسپکٹر رانا اکرم ملزمہ کے عشق میں گرفتار ہوئے اور دونوں نے شادی کر لی، جس کے بعد ملزمہ نے کراچی جا کر منشیات کا کالا دھندہ مزید وسیع پیمانے پر شروع کیا۔
لاہور پولیس کے سی سی ڈی (CCD) ونگ نے سابق انسپکٹر رانا اکرم کے خلاف گھیرا تنگ کرنا شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس اور لاہور کی مشترکہ ٹیمیں رانا اکرم سے ملزمہ کی سہولت کاری اور مجرمانہ سرپرستی پر پوچھ گچھ کریں گی۔ ضرورت پڑنے پر ملزمہ انمول عرف پنکی کو بھی کراچی سے لاہور منتقل کیا جائے گا تاکہ تمام ملوث اہلکاروں کو سامنے بٹھا کر تفتیش کی جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ محافظوں کا جرائم پیشہ افراد کے ساتھ اتحاد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ملزمہ کی لاہور میں سابقہ گرفتاری سے لے کر رہائی تک کے تمام مراحل اور اس میں شامل افسران کی فہرست فراہم کی جائے تاکہ ذمہ داروں کو عبرت کا نشانہ بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں