بیجنگ: "چین اور امریکا حریف نہیں، شراکت دار بنیں"، صدر شی جن پنگ کی صدر ٹرمپ سے ملاقات میں اہم گفتگو

09:50 AM, 14 May, 2026

بیجنگ :چین کے صدر شی جن پنگ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات میں عالمی استحکام اور باہمی تعاون پر زور دیا گیا ہے۔ چینی صدر نے واضح کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مفادات، اختلافات کے مقابلے میں کہیں زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔
ملاقات کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بیجنگ میں صدر ٹرمپ سے مل کر انہیں دلی خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور امریکا ایسی بڑی طاقتیں ہیں جن پر عالمی امن اور معاشی ترقی کو برقرار رکھنے کی تاریخی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اس لیے دونوں ممالک کو حریف کے بجائے ایک دوسرے کا شراکت دار بننا چاہیے۔
صدر شی جن پنگ نے خبردار کیا کہ دنیا اس وقت ایران تنازع اور عالمی سپلائی چین جیسے سنگین چیلنجز سے گزر رہی ہے، جبکہ عالمی منظر نامے پر ایسی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں جو گزشتہ ایک صدی میں نہیں دیکھی گئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا کی نظریں اس وقت بیجنگ مذاکرات پر جمی ہوئی ہیں، لہٰذا ہمیں باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے تمام بحرانوں کا حل سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے تلاش کرنا ہوگا۔

مزیدخبریں