بھارتی جارحیت کو چند گھنٹوں میں خاک میں ملا دیا، پاک فوج نے تاریخ رقم کی: وزیراعظم کا پسرور چھاؤنی میں خطاب

07:52 PM, 14 May, 2025

سیالکوٹ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج کے جانبازوں نے دشمن کی جارحیت کا ایسا جواب دیا جو تاریخ کے اوراق میں ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔ سیالکوٹ کے پسرور چھاؤنی میں فرنٹ لائن اہلکاروں سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے افواجِ پاکستان کے جذبے، بہادری اور حب الوطنی کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عام شہریوں کو نشانہ بنایا، مگر ہماری افواج نے مادرِ وطن کے دفاع میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وزیراعظم کے ہمراہ وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، آرمی چیف، ایئر چیف اور دیگر اعلیٰ قیادت موجود تھی۔ بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو جنگی صورتحال اور فوجی تیاریوں پر تفصیلی آگاہی دی گئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن جارحیت کا جواب پوری طاقت سے دے گا۔ بھارت نے بار بار جھوٹ اور الزام تراشی کی راہ اپنائی، جبکہ پاکستان نے ہمیشہ تحمل، شفافیت اور سچائی کا راستہ اختیار کیا۔

وزیراعظم نے آپریشن "بنیان مرصوص" میں شریک تمام اہلکاروں کے جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنے ان سپوتوں پر فخر ہے۔

مزیدخبریں