"خطے کو شرپسندوں سے پاک کرنا ضروری ہے"امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

03:03 PM, 14 May, 2025

ریاض: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خلیجی تعاون تنظیم (جی سی سی) کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کو شرپسندوں سے پاک کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خلیجی ممالک نے ہمیشہ امن کے لیے کام کیا ہے، اور ان کے رہنما تنازعات کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ٹرمپ نے غزہ کے مستقبل کے لیے اپنی انتظامیہ کی کوششوں کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ شام کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے پابندیاں اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے ایران کے ساتھ معاہدہ کرنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا کی ترجیح تجارت ہے اور وہ مشرق وسطیٰ میں امن کے خواہش مند ہیں۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ غزہ میں امن کے لیے یرغمالیوں کی رہائی ضروری ہے اور حوثیوں کے حملوں کے رکنے سے خطے میں کشیدگی کم ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں خطے میں امن خراب کرنے والے چھوٹے گروپوں سے بھی نمٹنا ہوگا۔

دوسری جانب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے امریکی صدر کی امن کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ سعودی ولی عہد نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کی حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ جی سی سی ممالک ہمیشہ خطے میں امن کی کوشش کرتے ہیں اور غزہ میں جنگ بندی کے لیے بھی زور دیتے ہیں۔ سعودی ولی عہد نے کہا کہ سعودی عرب اور امریکا کے تعلقات دن بدن مضبوط ہو رہے ہیں۔

مزیدخبریں