صدر اردوان کا پاکستان سے محبت کا اظہار: "ہر حال میں آپ کے ساتھ ہیں"

01:59 PM, 14 May, 2025

انقرہ : ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ وہ ہر اچھے اور برے وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے یہ بات ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے پیغام میں کہی، جس میں انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو ’’قیمتی بھائی‘‘ کہہ کر مخاطب کیا۔

صدر اردوان نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کی دوستی دنیا میں ایک مثال ہے۔ یہ رشتہ صرف حکومتی سطح کا نہیں بلکہ دلوں کا رشتہ ہے، جو محبت، بھائی چارے اور اعتماد پر قائم ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا، "ہم پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی کو بہت اہم سمجھتے ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ صبر، دانشمندی اور بات چیت سے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی، جو قابلِ تعریف ہے۔"
صدر اردوان نے یقین دلایا کہ جیسے ماضی میں ترکیہ نے پاکستان کا ساتھ دیا، ویسے ہی آگے بھی ہر موقع پر پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

اپنے جذباتی پیغام کے آخر میں انہوں نے کہا: "پاکستان ترکی دوستی زندہ باد!"

مزیدخبریں