اوٹاوا: کینیڈا میں مقیم پاکستانی نژاد رکنِ پارلیمنٹ شفقت علی کو وفاقی کابینہ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ وہ کینیڈا کی تاریخ میں پہلے پاکستانی نژاد وزیر بننے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
حال ہی میں ہونے والے انتخابات میں وہ شہر برامپٹن سے دوبارہ منتخب ہوئے تھے، جس کے بعد کینیڈا کے نومنتخب وزیراعظم مارک کارنی نے انہیں ٹریژری بورڈ کا صدر مقرر کیا ہے، جو ایک اہم حکومتی عہدہ ہے۔
وزیراعظم مارک کارنی نے اپنی نئی کابینہ کی تشکیل میں کئی تبدیلیاں کی ہیں اور وزرا کی مجموعی تعداد کم کر کے 29 کر دی ہے، جبکہ پہلے یہ تعداد 39 تھی۔ کابینہ میں کچھ وزرا کو ان کی پرانی وزارتوں پر برقرار رکھا گیا ہے، تاہم چند اہم قلمدان تبدیل کیے گئے ہیں۔
ان تبدیلیوں کے تحت سابق وزیر خارجہ میلانی جولی کو وزیر صنعت بنایا گیا ہے، جبکہ انیتا آنند کو نیا وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔ شفقت علی کی بطور وزیر تقرری نہ صرف پاکستانی کمیونٹی کے لیے خوشی کی خبر ہے بلکہ یہ کینیڈین معاشرے میں بڑھتی ہوئی تنوع کی عکاسی بھی کرتی ہے۔