ہریانہ خواتین کمیشن کا ریپر بادشاہ کے خلاف سخت موقف: فوری گرفتاری کا مطالبہ

08:47 PM, 14 Mar, 2026

ممبئی:  ہریانہ اسٹیٹ کمیشن فار ویمن نے مشہور ریپر بادشاہ کے حالیہ ہریانوی گانے تاتیری میں خواتین کے حوالے سے نامناسب اور توہین آمیز مواد کے استعمال پر سخت ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کمیشن نے کہا ہے کہ بادشاہ کمیشن کے نوٹس کے باوجود پیش نہیں ہوئے، اس لیے انہیں فوری طور پر حراست میں لیا جانا چاہیے۔ اس کیس کے سلسلے میں دو ایف آئی آرز بھی درج کر دی گئی ہیں۔

کمیشن کی سربراہ رینو بھاٹیا نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے پانی پت کے ایس پی کو ہدایت دی ہے کہ بادشاہ کو کہیں بھی تلاش کر کے گرفتار کیا جائے اور ان کا پاسپورٹ ضبط کر لیا جائے تاکہ وہ ملک سے باہر نہ جا سکیں۔ بادشاہ کے وکیل نے مزید وقت مانگا تھا لیکن یہ درخواست منظور نہیں کی گئی۔

چیئرپرسن نے نیشنل کمیشن فار ویمن کو بھی خط لکھ کر کہا کہ ملک میں بادشاہ کے کسی بھی پروگرام کی اجازت نہ دی جائے۔

عوامی احتجاج کے بعد بادشاہ نے انسٹاگرام پر معافی مانگی اور گانے تاتیری کو آن لائن پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا۔

ہریانہ پولیس نے ان کے خلاف لوک آؤٹ سرکلر جاری کر دیا ہے اور متعدد ٹیمیں انہیں گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مار رہی ہیں۔ پولیس کے مطابق گانے میں اسکول کی طالبات کو غیر مناسب انداز میں دکھایا گیا اور خواتین کے خلاف قابل اعتراض الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔

مزیدخبریں