پاکستانی چوکیوں پر قبضے کے دعوے 'افغان جھوٹ' کا پلندہ، وزارتِ اطلاعات کی شدید مذمت

04:25 PM, 14 Mar, 2026

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے افغان طالبان کی جانب سے پاکستانی سرحدی پوسٹوں پر قبضے اور جانی نقصان کے دعووں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے ایک منظم پراپیگنڈا قرار دے دیا ہے۔ وزارتِ اطلاعات و نشریات (MOIB) کے مطابق، افغان طالبان کی نام نہاد وزارتِ دفاع کے دعوے حقیقت سے کوسوں دور اور محض افغان عوام کو گمراہ کرنے کی ایک ناکام کوشش ہیں۔
 بیان میں واضح کیا گیا کہ افغان طالبان اور ان کی توسیع 'فتنہ الخوارج' دراصل ایک ماسٹر پراکسی کے طور پر کام کر رہے ہیں، جن کے نقصانات کی تفصیلات وزارتِ اطلاعات باقاعدگی سے جاری کر رہی ہے۔ وزارت نے انکشاف کیا کہ دہشت گردوں کے ان جھوٹے دعوؤں کو بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا نیٹ ورکس کے ذریعے جان بوجھ کر اچھالا جاتا ہے، تاہم حقیقت کی جانچ پر یہ غبارہ ہمیشہ پھٹ جاتا ہے۔
ترجمان وزارتِ اطلاعات کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان طالبان کے برعکس، محض دعووں پر یقین نہیں رکھتا بلکہ دہشت گردوں کے خلاف کیے جانے والے ٹارگٹڈ آپریشنز کے ویڈیو اور تصویری ثبوت تسلسل کے ساتھ میڈیا کو فراہم کر رہا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے اندر دہشت گردی کے انفراسٹرکچر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی قسم کے بیرونی پروپیگنڈے کو حقیقت پر غالب نہیں آنے دیا جائے گا۔

مزیدخبریں