پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری اب مزید آسان: 'سہولت اکاؤنٹ' کی حد میں 200 فیصد اضافہ، ایس ای سی پی کا بڑا اقدام

01:05 PM, 14 Mar, 2026

اسلام آباد:سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) نے ملک میں بچت اور سرمایہ کاری کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے 'سہولت اکاؤنٹ' کے قواعد و ضوابط میں بڑی نرمی کر دی ہے۔ اب انفرادی سرمایہ کار 10 لاکھ کے بجائے 30 لاکھ روپے تک کا سرمایہ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں لگا سکیں گے۔
ایس ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، سہولت اکاؤنٹ کو مزید پرکشش بنا دیا گیا ہے ۔ سٹاک مارکیٹ میں چھوٹے سرمایہ کاروں کے لیے حد بڑھا کر 30 لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔سرمایہ کار اب مختلف بروکرز کے ساتھ الگ الگ سہولت اکاؤنٹ رکھ سکتے ہیں، جس سے انہیں مارکیٹ میں انتخاب کا وسیع موقع ملے گا۔اکاؤنٹ کھولنے کے لیے کسی طویل دستاویزی کارروائی کی ضرورت نہیں، صرف شناختی کارڈ کے ذریعے آن لائن اکاؤنٹ کھولا جا سکتا ہے۔
ایس ای سی پی نے سرمایہ کاروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر اشتہارات دینے والے غیر رجسٹرڈ غیر ملکی سرمایہ کاری پلیٹ فارمز کے دھوکے میں نہ آئیں، کیونکہ ایسے پلیٹ فارمز پر سرمایہ کاری کرنا غیر قانونی اور پرخطر ہے۔ کمیشن نے مشورہ دیا ہے کہ اپنا قیمتی سرمایہ صرف پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) جیسے ریگولیٹڈ پلیٹ فارمز پر ہی لگائیں۔
کمیشن کے مطابق، اس وقت انفرادی سرمایہ کاروں کے سب اکاؤنٹس کی تعداد 5 لاکھ 42 ہزار ہے، جبکہ انویسٹر اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تعداد 1 لاکھ 44 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

مزیدخبریں