مشرقِ وسطیٰ میں ہمہ گیر جنگ کا آغاز: ایران کے اسرائیل اور امریکی تنصیبات پر تباہ کن میزائل حملے

10:46 AM, 14 Mar, 2026

یروشلم/تہران:ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی نے اس وقت ایک ہولناک رخ اختیار کر لیا جب ایران نے اسرائیل کے قلب اور خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات پر میزائلوں اور خودکش ڈرونز کی نئی لہر سے حملہ کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، ان حملوں نے تل ابیب سمیت کئی اہم اسرائیلی شہروں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
 اسرائیلی دارالحکومت میں کم از کم 20 زوردار دھماکے سنے گئے، جس کے بعد شہر کے متعدد مقامات پر خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ اسرائیل کے وسطی اور دیگر گنجان آباد علاقوں میں ایرانی میزائلوں کا ملبہ گرنے سے بھاری مالی نقصان کی اطلاعات ہیں۔ اسرائیلی دفاعی نظام (آئرن ڈوم) کے ناکام ہونے یا ملبہ گرنے سے کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئی ہیں۔
ایران کے پاسدارانِ انقلاب (IRGC) نے باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ  خلیجی ممالک میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر حملوں کی ایک نئی اور شدید لہر شروع کر دی گئی ہے۔ ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس 6 امریکی ڈرونز کو فضا میں ہی مار گرایا ہے۔
خطے کی صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب کویت نیشنل گارڈ نے اپنی اہم تنصیبات کی جانب بڑھتے ہوئے ایک مشکوک ڈرون کو مار گرایا۔ کویت سمیت دیگر خلیجی ممالک نے اپنی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حملے سے بچا جا سکے۔

مزیدخبریں