جہاں پی ٹی آئی کا فسادی ٹولہ ہو، وہاں قومی اتحاد قائم کرنا ایک چیلنج بن جاتا ہے: عظمی بخاری

07:53 PM, 14 Mar, 2025

لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جہاں پی ٹی آئی کا فسادی ٹولہ ہو، وہاں قومی اتحاد قائم کرنا ایک چیلنج بن جاتا ہے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہمیں متحد ہونے کی ضرورت ہے، مگر پی ٹی آئی کا فسادی ٹولہ جہاں موجود ہو، جو نہ تو دہشت گردوں کی مذمت کرے اور نہ ہی اپنی فوج کے خلاف الزامات لگائے، وہاں قومی یکجہتی کی بات کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کل قومی اسمبلی کے اجلاس میں پی ٹی آئی نے بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے حملے کی مذمت کرنے کا ایک لفظ بھی نہیں کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان کو اس معاملے پر کھل کر بات کرنی چاہیے تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک نیا نیشنل ایکشن پلان بنانے کی ضرورت ہے، اور وزیراعظم نے اس معاملے کو مؤثر طریقے سے اُٹھایا ہے۔ خیبرپختونخوا میں حالیہ دھماکے پر انہوں نے دعا کی کہ اللہ سب کی حفاظت کرے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کو اپنے قیدی کے بجائے ملک کی حفاظت پر توجہ دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان برقرار رکھنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس سے فرار ممکن نہیں۔

مزیدخبریں