سندھ حکومت کا جاب پورٹل، روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا اہم اقدام

07:49 PM, 14 Mar, 2025

کراچی:سندھ حکومت نے شہریوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کے لیے جاب پورٹل کا افتتاح کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو نہ صرف سرکاری بلکہ نجی شعبے میں بھی روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سینئر وزیر شرجیل میمن اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ شرجیل میمن نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، اور اس پورٹل پر ہر طبقہ، چاہے وہ پڑھے لکھے افراد ہوں یا ہنر مند، اپنا سی وی اپ لوڈ کر سکیں گے۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس جاب پورٹل پر نوجوانوں کے لیے مختلف گریڈ کی نوکریوں کے اشتہارات دیے جائیں گے، اور سرکاری و نجی ادارے اس کے ذریعے روزگار فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے نوکریوں کی فراہمی شفاف طریقے سے کی جائے گی اور عارضی نوکریوں کو بھی اس سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ نوکری لینے اور دینے والوں سے درخواست ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کریں تاکہ اس پورٹل کا بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔

مزیدخبریں