انقرہ / ریاض :ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی موجودہ قیادت، خاص طور پر وزیراعظم نیتن یاہو، علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔
ترک ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق، دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی گفتگو میں مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر اردوان نے زور دیا کہ اسرائیل کو قابو میں لائے بغیر کشیدگی میں کمی ممکن نہیں، اور مشرق وسطیٰ میں جوہری تناؤ جیسے حساس مسئلے کا حل صرف مذاکرات اور سفارتی ذرائع سے نکالا جا سکتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر جنگ چھڑ گئی تو اس کے نتیجے میں خطے میں غیر معمولی نقل مکانی اور بے ترتیب مہاجرت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جو کئی ممالک کے لیے چیلنج بنے گا۔