اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیا گیا حملہ اس کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر کھلی خلاف ورزی ہے، جو کسی صورت قبول نہیں کی جا سکتی۔
یہ بات وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب ایردوان سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران کہی۔ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش ظاہر کی اور ایران کے خلاف اسرائیلی اقدامات کی بھرپور مذمت کی۔
گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم کو بھی انسانیت سوز اور ناقابل قبول قرار دیا اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری اور اقوام متحدہ اسرائیلی اقدامات پر فوری توجہ دے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ، او آئی سی اور دیگر عالمی اداروں میں امن کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھاتا رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کریں گے۔
وزیراعظم نے ترک صدر کو اسلامی تعاون یوتھ فورم کی طرف سے ملنے والے ایوارڈ پر مبارکباد دی اور دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن اور استحکام کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔